|
یہ رہا وہ "اصلی جعلی" نوٹ۔ واہ کیا اوکسی موران نکالی ہے آپکے بھائی نے۔ |
کہانی کا پس منظر
گاڑی کی تھوڑی مرمت درستگی کا کام ہونے والا تھا۔ گھر کے پاس سوزوکی کا شوروم ہے، جمعرات والے دن میں گاڑی وہاں لے گیا۔ کُل مِلا کر کوئی تین ہزار کے قریب بل بنا۔ میرے بٹوے میں پانچ ہزار کا ایک ہی نوٹ تھا، وہ کیشیئر خاتون کو دے دیا۔ دو ہزار ایک سو کچھ روپے بقایا آئے۔ نوٹوں پر موٹی سی نظر مار کے بٹوے میں ڈال لئے۔
شام کی شاپنگ
شام سات بجے کے قریب میٹرو لنک روڈ سے کچھ سامان خریدا۔ بِل ایک ہزار سے کچھ کم ہی تھا۔ صبح والے دو نوٹوں میں سے ایک نکال کر کیشیئر کو دیا۔ لڑکی نے نوٹ کو ہاتھ لگاتے ہی بتا دیا کہ جناب نوٹ جعلی ہے۔ ایک آدھے اور بندے کو دکھایا تو تصدیق بھی ہو گئی۔ دوسرا نوٹ دے کر جان بچائی۔
ورکشاپ بند
جمعے کی صبح پہلا کام یہ کیا کہ نو بجے کے قریب سوزوکی منی موٹرز والٹن روڈ چلا گیا۔ وہاں تمام دروازے بند تھے، گارڈ نے بتایا کہ آج چھٹی ہے آپ کل آنا۔
ہفتہ اور اتوار کو میں اپنے گائوں چلا جاتا ہوں۔ سوچا پیر والے دن دیکھی جائیگی۔
سوموار کی صبح
گائوں سے لاہور پہنچتے پہنچتے ساڑھے نو بج گئے۔ البتہ می سیدھا سوزوکی ورکشاپ چلا گیا۔ وہاں جا کر بات کی تو ایک صاحب مجھے کیشیئر کے سامنے لے گئے۔ کیشیئر نے صاف انکار کر دیا کہ نوٹ اس نے دیا ہی نہیں۔
اسکا کہنا تھا کہ مجھے رقم کائونٹر پر چیک کر لینی چاہیئے تھی۔ میں نے پیسے گنے تو تھے لیکن یہاں سے جعلی نوٹ ملنے کا خدشہ میرے وہم گمان میں نہ تھا۔
میں تھوڑ اونچا بول کر اوپر مین شوروم میں آ گیا۔
یہاں ایک اور صاحب کو سارا مسئلہ بتایا، انہوں نے بھی یہی کہا کہ جناب آپکی غلطی ہے ہم تو بے قصور ہیں۔
ملتا جُلتا ایک اور واقعہ، ہائپر سٹار
مجھے کسی نے بتایا کہ جب ہائپر سٹار نیا نیا بنا تھا تو انکا بھی ایک کیش ہینڈل کرنے والا بندہ پانچ سو ہزار کا جعلی نوٹ بینک جانیوالی کرنسی میں مکس کر دیا کرتا تھا۔
اصلی نوٹ نکال کر وہ آدمی اپنی جیب میں ڈال لیتا۔
چند ایک مرتبہ بینک سے شکایت آئی تو انتظامیہ نے چپکے سے چھان بین اور نگرانی شروع کر دی۔
آخر کار نوسرباز پکڑا گیا۔
کہیں سوزوکی منی موٹرز والٹن میں بھی تو ایسا نہیں؟
میری اس ورکشاپ والوں سے نہ کوئی دوستی ہے نہ دشمنی۔ ایک ہزار کا نقصان ہوا ہے، لیکن وقتی غصہ تھا اتر گیا۔ اب صرف معلومات عام کرنے کے لئے لکھ رہا ہوں۔
عین ممکن ہے کہ سوزوکی والوں کے تالاب کو بھی کوئی ایک مچھلی گندا کر رہی ہو۔
شاید وہی کیشیئر جس نے مجھے بقایا دیا تھا، یا کوئی اور ملازم۔
ان لوگوں کو چاہیئے کہ اپنے سٹاف کی نگرانی کریں اور اپنے معاملات درست کریں۔
دوسرا رُخ: اگر فرض کریں کہیں غلطی سے جعلی نوٹ آ ہی گیا ہو تو اسکو گاہکوں کے گلے مت ڈالیں۔
نتیجہ
کم از کم میں خود آئندہ کبھی بھی سوزوکی منی موٹرز والٹن پر گاڑی کا کام کروانے نہیں جائوں گا۔ اور نہ ہی میں کسی دوست کو وہاں جانے کا مشورہ دوں گا۔