ہفتہ، 22 جنوری، 2011

ونڈوز بیسڈ لیپ ٹاپ کا ڈسپلے اپنی مرضی سے بند کرنا

ونڈوز بیسڈ لیپ ٹاپ کا ڈسپلے اپنی مرضی سے بند کرنا

نوٹ: میں نے ڈائونلوڈ ایبل ایگزی فائل کو فور شیئر کے بجائے اپنی ڈومین پر رکھوا دیا ہے، لہٰذا اب آپ صرف ایک کلک پر ڈائونلوڈ کر سکتے ہیں۔
دفتر میں میرا ڈیسک ایسی جگہ پر ہے کہ ہر آتے جاتے سب کی نظر میرے ڈسپلے پر پڑتی ہے، اوپر سے آج مینیجر صاحب کہتے ہیں کہ "تو کام بھی کرتا ہے، یا سارا وقت لیپ ٹاپ سے ہی کھیلتا رہتا ہے؟"۔ میں نے سوچا کہ مر گئے استاد۔ جب سے لیپ ٹاپ لیا ہے، مجھے الجھن ہوتی تھی کہ یار یہ بلا وجہ ہر وقت چمکتا رہتا ہے، لیکن شٹ ڈائون بھی نہیں کرناچا چاہتا تھا کہ گانے شانے اس پر چلتے رہیں، فیس بک ٹوٹر مسنجر وغیرہ کے ساتھ ساتھ۔ پھر سوچا اس مقصد کے لئے کوئی سافٹ ویئر بنا بنایا ڈھونڈوں،   تو جی کافی تلاشا مگر مجھے کوئی شریف نیک اور قابل اعتبار اپلیکشن ملی نہیں۔ پیشے کا پروگرامر ہوں اس لئے جب بنا بنایا مال نہیں مِلا تو میں نے اپنا پروگرام بنانے کی سوچی۔
اس تلاش کے نتیجے میں مجھے پتہ چلا کہ ڈسپلے آف کرنا توبالکل ہی بچوں کا کھیل ہے۔  بس پھر میں نے سادہ سا ایک پروگرام بنا چھوڑا ہے، ڈائون لوڈ فرمائیں اور دعائیں دیں۔

ہدایات
مانیٹر بند کرنے کے لئے: ڈائون لوڈ مکمل ہو جانے کے بعد جب بھی آپ ڈسپلے آف کرنا چاہیں، اس پروگرام کی فائل پر ڈبل کلک کر دیں۔ مانیٹر بند ہو جائے گا۔
مانیٹر کو واپس آن کرنے کے لئے: مائوس کو ہلانے یا کی بورڈ پر کوئی بھی بٹن دبا دینے سے مانیٹر دوبارہ آن ہو جائے گا۔

ان باتوں کا دھیان رہے
  • یہ پروگرام انٹرنیٹ یا نیٹ ورک پر کسی قسم کا ڈیٹا نا تو بھیجتا ہے، اور نہ ہی موصول کرتا ہے لہٰذا اگر آپ کے پاس موجود ورذن ایسی کوئی بھی حرکت کرے تو اسے فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔ انٹرنیٹ پر ڈائون لوڈ کے دوران ہیکرز کبھی کبھار فائلز کو تبدیل کر کے اپنی مرضی کے مطابق کام کروا لیتے ہیں۔
  • یہ پروگرام اپ کے کمپیوٹر پر نہ تو کوئی فائل لکھتا ہے اور نہ ہی پڑھتا ہے، اس لئے اگر ایسا کچھ بھی ہو تو سمجھے لیں پروگرام دو نمبر ہے یا اس بیچارے معصوم کو کوئی وائرس چمٹ گیا ہے۔
  • بالکل اسی طرح سے اس پروگرام کا ونڈوز رجسٹری کے ساتھ بھی کوئی تعلق نہیں ہے، اور اگرچلانے پر یہ کہے کہ جی میں نے رجسٹری سے سلام دعا کرنی ہے یا ونڈوز سیون والوں کو کہے کہ ایڈمنسٹریٹر موڈ میں چلنا ہے تو دو لگائیں اور بھگا دیں بھوتنی کے بچے کو۔
اور بھی آسانی
ہر مرتبہ کلک کرنا اکثر لوگوں کو گراں گزرے گا۔ خاص طور پر جن کے ڈیسک ٹاپس پر بے تحاشا گند بلا پڑا ہوتا ہے۔ تو جناب میں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ونڈوز سیون کی ایک صلاحیت کو استعمال کیا ہے۔ میں نے اس پروگرام کا نام کوئی نہیں رکھا، اسلئے فی الحال ہم اسکو شیدا کہہ لیتے ہیں۔ میں نے شیدے کو اپنے سسٹم کے ٹاسک بار پر پِن کر لیا ہے۔ جس بھی پروگرام کو ٹاسک بار پر پن کرنا ہو، اس پر رائٹ کلک کریں تو پن کرنے کا آپشن سامنے نظر آ جاتا ہے۔
ذیل میں دی گئی تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے ٹاسک بار پر موجود منی مائزڈ اور پن شدہ پروگرامز کو بائیں سے دائیں ایک تا آٹھ نمبر دیا ہوا ہے۔ اگر میں کی بورڈ پر ونڈوز بٹن دبائے رکھ کے ایک نمبر والا بٹن دبائوں گا تو سب سے بائیں موجود پروگرام اگر نہیں چل رہا تو چل جائے گا، اور اگر چلتے ہوئے کو منی مائز کیا ہے تو بڑا ہو کے سامنے آ جائے گا۔
ونڈوز کے ساتھ دو دبائوں گا تو میڈیا پلیئر کھل جائے گا، ونڈوز تین دبانے سے ایک فولڈر کھول کے منی مائز کیا ہوا ہے وہ بڑا ہو جائے گا۔، ونڈوز چار سے نوٹ پیڈ، ونڈوز پانچ سے برائوزر، چھے سے ایم ایس این مسنجر۔








تو جناب جو ایگزی فائل آپ نے ڈائون لوڈ کی ہے، اس پر دایاں کلک کریں اور پن ٹو ڈیسک ٹاپ کر دیں۔ اگر تو آپ نے اور کچھ بھی پن نہیں کیا یا کھولا نہیں ہوا تو سیدھا سیدھا ونڈوز بٹن کے ساتھ ایک دبانے سے آپکا ڈسپلے بند ہو جائے گا۔ ورنہ بائیں سے گنتی کریں، اور جس نمبر پر شیدا آ رہا ہے، وہ دبانے سے کام ہو جائے گا۔
یہ اصل تحریر کا سادہ عوامی خلاصہ ہے، کمپیوٹر سائنس کے طلباء و طالبات، پروفیشنلز، یا ایویں سائنسدان قسم کے لوگ ذیل میں درج اصل انگریز تحریر ملاحظہ فرمائیں۔ امید ہے دلچسپی سے خالی نہیں لگے گی۔


نوٹ
یہ تحریر صرف معلوماتی و تجرباتی مقاصد کے لئے ہے، اس میں درج معلومات یا فراہم کردہ ایگزی کو چلانے کے نتجنے میں ہونے والے کسی بھی نقصان کا ذمہ دار مصنف ہر گز نہیں ہو گا۔

بدھ، 29 دسمبر، 2010

لبرٹی مارکیٹ کے قریب ریس لگاتی گاڑیوں کا حادثہ، تین نوجوان جاں بحق

اب سے دو ڈھائی گھنٹے قبل، ساڑھے بارہ بجے کے آس پاس میں منی مارکیٹ والے برگر کارنر پر تھا، کہ لوگوں کی کی آواز کانوں میں پڑی۔
پہلا: تین تو موقع پر ہی مر گئے ہیں، اسکے بھائی شانی کی حالت نازک ہے جنرل ہسپتال لے گئے ہیں۔
 دوسرا: یہ صرف دو ہی بھائی ہیں نا۔ اسکے باپ بیچارے کی حالت دیکھی تھی؟

اسی نوع کی کچھ اور گفتگو ہوئی تو میں نے پوچھ لیا کہ ایکسیڈنٹ کہاں ہوا ہے؟ پتہ چلا لبرٹی مارکیٹ گول چکر کے پاس لاہور پلازہ کے نزدیک، دو گاڑیاں تھیں اور ریس لگا رہے تھے۔ ان دو میں سے ایک گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔
ڈبل ون ڈبل ٹو والے فٹا فٹ ہی آ گئے تھے، گاڑی سے نکالے ہی انہوں نے لڑکوں کے دل پمپ کئے لیکن جلد ہی اعلان کر دیا کہ جان نکل چکی ہے۔




میں ذاتی طور پر ایکسٹریم سپورٹس کے حق میں ہوں، گذشتہ دنوں جب بحریہ ٹائوں والے ایکسیڈنٹ کی ویڈیو سامنے آئی تودفتر میں خاصی گرما گرم بحث ہوئی جس میں میرا نقطہ نظر تھا کہ ایسی سرگرمیاں ہونی چاہئیں کیونکہ ان سے معاشرے کی رگوں میں خون چلتا ہے۔ نوجوانوں کے گرم خون میں موجود ٹھاٹیں مارتی توانائی کو اظہار کرنے موقع ملتا ہے۔ ایسے کاموں کی بدولت سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ ملتا ہے۔ 
اب بھی میں اسی نظریے کا قائل ہوں، اور سمجھتا ہوں کہ مصلٰے پر بیٹھ کر نوجوانی کا زور قابو میں نہیں آتا۔ اس منہ زور سیلاب کو بالکل بند کرنا ناممکن ہے، اگر مناسب ناکہ بندی کر لی جائے تو منہ زور دھاروں کے آگے جنریٹرز لگائے جا سکتے ہیں، اور دور دراز کی بنجر دھرتیوں کو سیراب کیا جا سکتا ہے۔
لیکن آج کے واقعے کے بعد میرے ذہن میں امی جی کی ایک بات فورًا آئی، وہ کہتی ہیں کہ "بندہ ایک پودا لگاتا ہے اور اسے دیکھنے بیٹھ جاتا ہے"۔ چھوٹا سا بچہ ہوتا ہے، ہم اسکو دیکھ دیکھ کے جیتے ہیں۔ آج اس نے بات کی، آج اس نے مجھے ماما کہا، آج چلنا شروع کر دیا، سکول جانے لگ پڑا، ماں باپ بوٹے کو دیکھتے رہتے ہیں دیکھتے رہتے ہیں، اسکی ایک ایک کونپل پر انکی نظر ہوتی ہے۔ قدرت کا نظام ہے کہ جب پودا تناور ہوتا ہے تو مالی بوڑھا ہو جاتا ہے۔ ناتواں بوڑھے مالیوں کی آس امید پھر اسی بوٹے سے لگ جاتی ہے۔
لیکن۔۔۔ لیکن۔۔۔ جن کے یہ بوٹے تھے، ان پر کیا گزری؟ وہ بوٹے جنکو پانی دیتے جسکی کونپلیں گنتے انکے ان گنت بال سفید ہو گئے تھے جب آن کی آن میں جڑ سے اکھڑ گئے، تو باقی کیا بچا؟
کوئی کہہ رہا تھا کہ یہی لڑکے ہر ہفتے لبرٹی آیا کرتے تھے، پچھلے ہفتے آٹھ ہونڈے لے کر آئے تھے۔ لبرٹی کے پارکنگ پلازہ میں ویلنگ کر کے چڑھتے اور خوش ہو رہے تھے۔ اسی طرح جس جگہ آج کا حادثہ ہوا ہے، وہ بھی ریسنگ کے لئے نہایت غیر موزوں ہے۔



ایڈرنالین رش بڑی بری چیز ہے، بندے کی مت مار دیتا ہے۔ میٹر ایک سو پچاس سے اوپر جاتے ہیں، اگلا پہیہ ہوا میں اٹھتے ہی، دوسری گاڑی کے پیچھے نکلتے ہی ایڈرنالین رش شروع ہو جاتا ہے۔ جن لوگوں کو اسکا چسکا پڑ جائے وہ طرح طرح کے جتن کر کےسکون حاصل کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے ابلتے خون میں مِل کر اس کیفیت کا اثر اور بھی دوبالا ہو جاتا ہے۔
مسئلہ تو بیان کر دیا، اب حل کیا ہے؟
ایکسٹریم سپورٹس کا اگر کوئی دیوانہ ہے تو اسے ہوش سے کام لینا چاہیئے۔ مناسب حفاظتی انتظامات کے بغیر ایسے کام کرنے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ اور ون ویلنگ کسی بھی طرح سپورٹ نہیں ہے، خاص طور پر مصروف سڑکوں پر ستر اسی کی رفتار سے پہیا اٹھا دینے کا مردانگی سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے۔ میرے خیال میں بڑی بڑی موٹر کمپنیوں، آئل کمپینوں، اور حکومت وقت کے اشتراک سے ہر شہر میں باقاعدہ ان کاموں کے ٹریکس بننے چاہیئیں۔ جہاں پر لوگ ریسنگ، ون ویلنگ جیسے کام کر کے اپنا خون ٹھنڈا کر سکیں۔

ہفتہ، 25 دسمبر، 2010

Nokia C3-00 میرا نیا

nokia_c3_blue_front_blue_pink_silver_all_colors
کوئی دو مہینے پہلے کی بات ہے، میرا کزن لاہور آیا اور میں اسے کھانا کھلانے لے گیا۔ لبرٹی والے بندو خان میں بیٹھے تھے کہ میرے نوکیا بارہ سو پر کال آنا شروع ہو گئی۔ کزن کہتا ہے کہ "یار یہ تو نے کیا رکھا ہوا ہے، شرم کر شرم اچھی خاصی تنخواہ ہے اور موبائل دیکھو ذرا"۔ اس وقت میں ہنس کے ٹال گیا۔ پھر جناب نتھیا گلی جانے کا اتفاق ہوا تو کیمرہ کہیں سے نہ مِلا، پورا ٹرپ میں نے کیمرہ بہت مِس کیا کہ اگر ہوتا تو چلو شغل رہتا۔ بہت اعلٰی کوالٹی کی نہ سہی، تصویریں اور ویڈیوز ہونی چاہیئے تھیں۔ پھر آ گئی میرے کزن کی شادی، جہاں پر موخر الذکر کزن کے علاوہ باقی بھی پورے خاندان کی موجودگی یقینی تھی۔ یہاں آ کر میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ اور ساتھ ہی میری تنخواہ بھی اکائونٹ میں ٹرانسفر ہو گئی، اور آپکو پتہ ہونا چاہئیے کہ تنخواہ دار بندے کی تنخواہ آتے ہی اسکو خاص قسم کی خارش شروع ہو جاتی ہے جسکا علاج عام طور پر کہیں پیسے خرچ کرنا ہی ہوتا ہے۔ مجھے تو لگتا ہے نوٹوں کی تاثیر گرم ہوتی ہے۔
nokia_1200_front_urduتو جناب میں نے کزن کو ساتھ لیا اور جا پہنچا حفیظ سینٹر، موبائل خریدنے۔ انٹرنیٹ پر ایک سائٹ نے بارہ ہزار نو سو روپے قیمت لکھی ہوئی تھی۔ مارکیٹ گیا تو پہلے دوکاندار نے بارہ ہزار پورے بتائی، دوسرے دوکاندار نے گیارہ ہزار پانچ سو بتائی۔ ویسے میں نے سیکنڈ ہینڈ ای سیونٹی ٹو بھی تلاش کیا لیکن کوئی اچھا دانہ  ملا نہیں۔
سی تھری میں اچھا کیا ہے؟
اس قیمت میں اتنے فیچرز والا سیٹ نوکیا نے آج سے پہلے کبھی نہیں نکالا تھا، اس مرتبہ نوکیا والوں نے صحیح مارکیٹ سگمنٹ کو پکڑا کیا ہے۔ وجہ شاید یہ ہے کہ نوکیا ہائی اینڈ سمارٹ فونز میں پٹ چکا تھا، وہاں آئی فون، اینڈرائڈ، بلیک بیری جیسے پہلوانوں کا راج ہے۔ اسکے علاوہ کچھ عرصہ پہلے سام سنگ کی کوربی لائن مارکیٹ میں آ چکی تھی، اسکی دیکھا دیکھی۔
تو جناب سب سے بڑی خوبی ہے وائی فائی نیٹ ورکنگ۔ اگر آپ کے پاس گھر میں یا دفتر میں وائی فائی نیٹ ورک ہے تو آپکی تو لگ گئی موجیں، بالکل میری طرح۔ سی تھری کا وائی فائی بلاشبہ بہترین ہے۔

پہلے سے انسٹال شدہ انٹرنیٹ میسجنگ کا سافٹ ویئر بھی اچھا ہے، ایم ایس این میسنجر، یاہو، جی ٹالک، اور نوکیا کی اپنی او وی چیٹ پر آپ ایک ہی وقت میں لاگ ان ہو سکتے ہیں، ہر اکائونٹ کے روابط الگ الگ دکھائی دیتے ہیں۔ میں نے یہ پروگرام وائی فائی کے علاوہ جی پی آر ایس پر بھی چلا کر دیکھا ہے، فٹا فٹ کانٹیکٹس اٹھا کر لے آتا ہے اور اے ون چلتا ہے۔
Nokia_C3-00_Blue_Side
فیس بک اور ٹوٹر والی جو بلٹ ان اپلیکشن ہے، نوکیا کمیونٹیز وہ ہر مرتبہ کمیونیکیشن ایرر دے کے بند ہو جاتی ہے پتہ نہیں کیا مسئلہ ہے اس کے ساتھ۔ بہرحال میں نے ان کاموں کے لئے سنیپ ٹو انسٹال کر لیا ہے۔ جو کہ میرے خیال سے بہتر ہے، کیونکہ اس میں آر ایس ایس ریڈر، روزنامہ گارڈین، بگ پکچر، اور کافی کچھ ہے۔ مزا آتا ہے جب اپ انگیجیٹ یا ٹیک کرنچ پر کچھ پڑھ رہے ہوں اور اسے آرام سے فیس بک پر شیئر کر سکیں یا ٹوٹر پر چوں چوں کر سکیں۔
او وی سٹور کے ذریعے ایپلیکیشنز ڈائونلوڈ کرنے کی سہولت بھی بہت اعلٰی ہے، کافی ساری مفت اپلیکیشنز مل جاتی ہیں۔ جن پر پیسے لگے ہیں وہ بھی کوئی زیادہ مہنگی نہیں ہیں، مثال کے طور پر پینتالیس روپے سے لے کر ڈھائی تین سو روپے تک۔ 
پورا کی پیڈ تو آپ نے دیکھ ہی لیا ہو گا، ایس ایم ایس کے دیوانوں کے لئے اسے سے اچھی اور کیا چیز ہو سکتی ہے؟ 
میں نے اپنے کمپیوٹر پر نوکیا او وی پی سی سوئٹ بھی انسٹال کیا ہوا ہے۔ یو ایس بی یا بلو ٹوتھ کے ذریعے کمپیوٹر کی سی تھری کے ساتھ گپ شپ کا بندوبست کیا جا سکتا ہے۔ مجھے خود کمپیوٹر پر ایس ایم ایس پڑھنا، انکا جواب دینا اور انکو فارورڈ کرنا آسان لگتا ہے، خاص طور پر جب دفتر بیٹھا ہوں۔

موبائل گم جائے تو ساتھ ہی کانٹیکٹس بھی جاتے رہتے ہیں، بہرحال او وی سوئٹ کی موجودگی میں یہ مسئلہ سمجھیں حل ہو جاتا ہے بشرطیکہ آپ نوکیا کا ایک فون گم کر کے ایک اور نوکیا فون خرید لیں۔ کانٹیکٹس کو مفتو مفت نوکیا کی انٹرنیٹ سروس پر محفوظ کیا جا سکتا ہے، یعنی کہ موجاں ای موجاں، خیر ایسی بھی کوئی بات نہیں۔
سی تھری میں اوپرا برائوزر پہلے سے انسٹال شدہ آتا ہے، میں نے نیا ورژن کیا ہے جو کہ پہلے والے سے کافی بہتر ہے۔ میں نے تو کافی سارے گانے، اور ویڈیوز ڈائریکٹ ڈائونلوڈ بھی کئے ہیں۔ سانگز ڈاٹ پی کے ڈیسک ٹاپ وغیرہ سے استعمال کرتے وقت محسوس نہیں ہوتا، لیکن موبائل پر بار بار زورے آ جانے والے پاپ اپ بہت برےلگتے ہیں۔
Nokia_OVi_Store_Logoاسکے علاوہ آٹھ جی بی تک کا میموری کارڈ لگایا جا سکتا ہے، میں نے دو جی بی کا لگایا ہوا ہے میرے لئے کافی ہے۔ اس میں بھی کافی گانے آ جاتے ہیں۔ سائونڈ کوالٹی اچھی ہے، آئی پوڈ، زون، سونی والک مین سیریز، یا آئی فون کی ٹکر کی تونہیں ہے بہر حال ٹھیک ہے۔
کال ریکارڈنگ کی اپلیکشن بھی موجود ہے، آنے جانے والی کالز کو بڑے سکون سے ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، اگر آپ گندے بندے ہیں یا آپکا واسطہ گندے بندوں سے پڑتا رہتا ہے تو خوش ہو جائیں۔
ای میل کی بھی ایپلیکیشن ہے، جس میں کہ ہاٹ میل یاہو جی میل اور سکے علاوہ بھی پاپ یا ایس ایم ٹی پی میلز چیک کی جا سکتی ہیں۔
Nokia_C3-00_Pink_front_urduآپ سوچ رہے ہوں گے کہ سافٹ ویئر ہی سافٹ ویئر بتائی جا رہا ہے، تو جناب اس موبائل کا ہارڈ ویئر بھی اچھا ہے۔ پچپن ایم بی انٹرنل میموری ہے۔ کانٹیکٹس اور ایس ایم ایس جتنے مرضی محفوظ رکھیں۔
اسکے علاوہ نوکیا والوں نے ایک اور اچھا کام یہ کیا ہے، کہ ایک جناب گلابی رنگ کا سی تھری بھی بنا دیا ہے۔ یقین مانیں نیلے والا سی تھری نوجوان لڑکوں کے لئے زبردست ہے، اور گلابی والا لڑکیوں کے لئے۔ جہاں تک میرا خیال ہے مارکیٹ میں جلد ہی اس فون کی اور بھی رنگ برنگی کیسنگز آ جائیں گی۔
سب کچھ اچھا ہی نہیں ، کچھ کمزوریاں بھی ہیں؟
ہاں جی میں نے کوئی نوکیا والوں سے پیسے نہیں پکڑے ہوئے جو تعریفیں ہی کری جائوں۔ دو تین ہفتے کے استعمال میں مجھے سی تھری کی چند باتیں بری بھی لگی ہیں۔
بیٹری لائف زیادہ نہیں ہے، ایک مرتبہ فُل کروں تو کوئی ڈیڑھ دن نکالتا ہے۔ شاید اگرمیں صرف فون کالز اور ایس ایم ایس کروں تو زیادہ چل جائے لیکن میں نے دو ایک گھنٹے تو وائی فائی آن کرنا ہی ہوتا ہے، اور گانے بھی چلانے ہوتے ہیں۔
samsung_corby_plus_open_flip_urdu
سام سنگ کاربی
اگر آپ فیس بک پر کسی کے میسج کا جواب دے رہے ہیں، یا کسی کی ای میل کا جواب لکھنے بیٹھ گئے ہیں، یا اپنے بلاگ پر کسی کے کمنٹ کا طویل جواب تحریر کر رہے ہیں اور ساتھ میں گانے بھی چلے ہوئے ہیں تو لکھائی کی رفتار آہستہ ہو جاتی ہے۔ کوئی بھی حرف ضائع تو نہیں ہوتا لیکن، حروف ٹھہر ٹھہر کے سکرین پر نظر آتے ہیں۔
کیمرہ پر دو میگا پکسل لکھا ہوا ہے لیکن کیمرہ کی کوالٹی بالکل فارغ ہے، کیا تھا اگر ذرا سنسر اچھی کوالٹی کا لگا کر ساتھ میں کمزور سا فلیش بھی دے دیتے؟
جی پی آر ایس کو زبردستی بند کرنے کا کوئی آپشن کہیں نہیں ملتا، اگر آپکا وائی فائی سوئچ کسی وجہ سے اچانک آف لائن ہو گیا ہے تو سی تھری چول اپنے اپ جی پی آر ایس یا ایج کے ذریعے رابطہ چالو کر دے گا۔ غلطی سے بندہ ایم ایس این چلتا چھوڑ کے سو جائے، اوپر سے بجلی بند ہو جائے، تو جناب آپکے جاگنے تک کافی پیسے خرچ ہو چکے ہوں گے۔
samsung-corby-txt-front-urdu
سام سنگ کاربی ٹی ایکس ٹی
اس سے ملتا جلتا مسئلہ ای میل اپلیکشن کے ساتھ بھی ہے، الو کی کان تھوڑی تھوڑی دیر بعد خود ہی آن ہو کے آپکی ای میل چیک کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اگر کوئی نئی میل ہو تو بیل بجا کر بتاتی ہے کہ جناب نئی میل آئی ہے، پاڈی وڈی۔ گھر یا دفتر میں تو بھائی وائی فائی سے کام چل جاتا ہے، بصورت دیگر جی پی آر ایس آن اور خرچہ پروگرام شروع۔ بھئی بندہ کبھی صرف مِس کال کا بیلنس بمعہ ایس ایم ایس پیکج رکھ کر بھی کام چلا رہا ہوتا ہے، لیکن اس بات کا تو کسی کو خیال ہی نہیں جیسے۔
چیٹ اپلیکشن کی طرح برائوزر کو بھی بیک گرائونڈ میں لے جانا ممکن ہونا چاہیئے، ورنہ اگر آپ برائوزنگ کر رہے ہوں اور ایس ایم ایس آ جائے تو سارے ٹیب بند کر کے ایس ایم ایس دیکھنا پڑتا ہے۔ 
اسکے علاوہ ایم پی فور فائلز کچھ چلتی ہیں اور کچھ نہیں چلتی۔ فیس بک کی تو اکثر ویڈیوز نہیں چلتی، صرف آواز آتی ہے تصویر کوئی نہیں۔
انٹرنیٹ پر ہر جگہ لکھا ہوا ہے کہ دو جی بی کا کارڈ ساتھ مفت آتا ہے، لیکن ہماری لوکل مارکیٹ میں کوئی بھی نہیں دے رہا۔ پتہ نہیں کیا چور بازاری لگائی ہوئی ہے لوگوں نے؟؟؟
کافی مرتبہ فون کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ہر مرتبہ فیل ہو جاتا ہے، یہ بات مجھے بری لگتی ہے۔ نوکیا والوں کے پاس لے کر گیا تو انکی نمائندی کا رویہ بڑا غیر پیشہ ورانہ بدتمیزانہ لعنتیانہ تھا۔ میں نے جا کے مشین سے ٹکٹ لیا، وہ فارغ بیٹھی تھی میں جا کے کھڑا ہو گیا کہ جی یہ سی تھری کا مسئلہ ہے۔
 بد تمیز نمائندی: ٹوکن لیا ہے۔
میں: ہاں جی۔
بدتمیز نمائندی: نمبر کیا ہے؟
میں: اٹھانوے۔
بدتمیز نمائندی: اوپر سکرین پر کہیں لکھا نظر آ رہا ہے؟
میں: نہیں۔
بد تمیز نمائندی: تو پھر جا کے بیٹھیں، جب نمبر آئے گا تو آ جانا۔
مجھے بڑی تپ چڑھی کہ بھلا یہ کوئی طریقہ ہے، بندے کے پتروں کی طرح کہو بھئی آپ انتظار کریں، جب سکرین پر ٹوکن نمبر آئے تو آ جانا۔ بلاوجہ سکرین والی فلم چلائی اس نے، اوپر سے اسکا لہجہ ایسے تھا جیسے میں پتہ نہیں اللہ واسطے کام کروانے آیا ہوں۔ یا مجھ پر بڑا احسان کر رہی ہے، مِس ورلڈ۔
مجھے کہتی ہے کہ جی فون چھوڑ جائیں، تین دن بعد ملے گا اور آپکا تمام ڈیٹا بھی فارغ ہو جائے گا۔ میں نے کہا کہ چل بھاگ جا بی بی، میں خود ہی کوئی جگاڑ لگا لوں گا۔
کال ویٹنگ سے متعلقہ کسی مسئلے کی بھنک سنی تھی میں نے، مجھے اس قسم کا کوئی مسئلہ نہیں پیش آیا۔
اب آپ لوگ سمجھ رہے ہوں گے کہ میں فون کی سپیکس کا ٹیبل کاپی پیسٹ کروں گا، کوئی چکر نہیں وئی۔ سی تھری کا انگریزی میں سیدھا سادا جائزہ آپکو پندرہ سو ویب سائٹوں پر مل جائے گا، اور ساتھ سپیکس بھی ہوں گی۔ جا کے وہاں سے دیکھ لیں۔ مطلب خالی کانپی پیسٹ کرنے کا کیا فائدہ بھئی۔
اچھا چلیں نراض نا ہوں، یہ جی ایس ایم ارینا کا لنک لے لیں، یہاں سارے سپیکس لکھے ہیں
سی تھری کا جامع ریویو، از نعیم اکرم ملک
جی ایس ایم ارینا پر نوکیا سی تھری

حال ہی میں نوکیا سی سِکس کا بھی ریویو لکھا ہے، وہ بھی ضرور دیکھیں
نوکیا سی تھری کا جائزہ از نعیم اکرم م لک



Pak Urdu Installer

Pak Urdu Installer