جمعرات، 17 مارچ، 2011

لاہور میں ایل ڈی کا ناجائز تجاوزات صفائی پروگرام

 کل دوپہر جب الفتح سے واپس آ رہا تھا تو مین فردوس مارکیٹ میں یہ بڑا سا تباہ کن بلڈوزر نظر آیا۔
LDA-Bulldozer-Firdosmarket-2011
لاہوری بھائی سمجھ گئے ہوں گے کہ یہ بلا اس پلازے کے سامنے میاں شہباز شریف کے بیڑہ غرقی پروگرام کے سلسلےمیں آیا ہے۔ ساتھ میں ملبo اٹھانے کے لئے ٹرک، اور سیکورٹی کے لئے پلس بھی موجود تھی۔ اس پلازے کا نام خان آرکیڈ ہے، کوئی ڈیڑھ دو سال پہلے بھی اس پلازے کے سامنے سے ناجائز طور پر تعمیر شدہ بیسمنٹ کی دوکانیں حکومت پنجاب نے کارروائی کر کے گرائی تھیں۔ وہ منظر زیادہ دلدوز تھا، بالکل کسی فلمی منظر کی طرح۔ دو بڑی بڑی کرینیں دھڑا دھڑ سڑک پر ہتھوڑے برسائے جا رہی ہیں اور خلق خدا دیکھے جا رہی ہے۔ تب پلازے کے مالک نے سائنسدانی کی انتہا کر دی تھی، اللہ کے بندے نے سڑے کے نیچے بیسمنٹ بنا کھود کر دوکانیں بنا کر کرائے پر چڑھا دی تھیں، ہے کوئی گل کرنے والی۔
اس مرتبہ میں خیال میں صرف سیڑھیاں ہی گرانے آئے ہیں۔
LDA-Bulldozer-Far-2011

وہی بلا، ایک اور زاویے سے، ماشاءاللہ ہماری عوام کو بھی بس کوئی بہانہ مل جائے ہجوم در ہجوم اکٹھے ہو جاتے ہیں تماشہ دیکھنے۔
security-Police-LDA-In-Action

قانون کے محافظ، سیکورٹی مہیا کرتے ہوئے۔

LDA-Destruction-Firdos-market-2011

یہ آخری تصویر فردوس مارکیٹ کے اندر ماڈل کالونی کی ہے۔ اوپر والے مناظر دیکھ کے میں گھر آیا، گھنٹے سارے بعد تیار ہو سہ پہر کو دفتر جانے کے لئے نکلا تو جناب بازار میں یہ بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔ یہ ایک ہوٹل والا غریب اپنا ٹین ڈبا سنبھال رہا ہے۔
ریمنڈ ڈیوس کو تو چھوڑ دیا۔۔۔ لیکن غریبوں کی ماں کی آنکھ۔۔۔ ہیں جی۔۔۔ کیا مجال ہے کسی کی جو ناجائز تجاوزات بنائے۔۔۔
اچھا اب لیپ ٹاپ بند ہونے والا ہے، اسکی پاور کیبل دفتر میں ہی بھول آیا ہوں۔ 
اس لئے۔۔۔ گڈ نائٹ۔۔۔

منگل، 8 فروری، 2011

سانپ سیڑھی کا کھیل

کافی دنوں سے کچھ لکھ نہیں پایا، وجہ یہ بنی کہ میں کام کر رہا ہوں ایک گیم پر۔ لڈو کے پیچھے جو سانپ سیڑھی والی گیم ہوتی ہے اس گیم پر کام کر رہا ہوں میں آجکل۔ یہ میرا ذاتی پراجیکٹ ہے۔ یہ گیم بنیادی طور پر فیس بک پر ہی کھیلی جا سکے گی۔ فیس بک پر آپ یہ گیم اپنے دوستوں کے ساتھ بھی کھیل سکیں گے۔ سوشل ہونا ہی اس گیم کا بنیادی نقطہ ہے۔ فیس بک پر پہلے سے موجود سانپ سیڑھی والی گیمز میں ملٹی پلیئر کی فنکشنیلٹی موجود نہیں ہے۔ میں اسی پر کام کر رہا ہوں۔
اس وقت میرے پاس کافی حد تک مکمل گیم موجود ہے، نمائشی ویڈیو عنقریب آپ لوگوں کی خدمت میں پیش کروں گا۔
ملٹی پلیئر کے لئے سرور میں نے بنا لیا ہوا ہے، گیم کی منطق یا لاجک مکمل ہو چکی ہے اور ان دونوں چیزوں کو میں نے آپس میں جوڑ بھی دیا ہوا ہے۔ اب چند چھوٹے موٹے سقم یا تکنیکی زبان میں بگ ہیں جن پر کام کر رہا ہوں۔
اسکے علاوہ فیس بک کے ساتھ انٹگریشن والا کام بھی ابھی رہتا ہے، لیکن وہ میں دیکھ چکا ہوں کوئی زیادہ مسئلہ نہیں ہے۔
گرافکس کا کام ایک اور دوست کروا کے دے رہے ہیں۔ جب ان سے گرافکس مل جائیں گے، میں گیم میں ڈال دوں گا۔ اور گیم میں گرافکس ڈالنے کے تھوڑے عرصے بعد انشاءاللہ فیس بک انٹگریشن کا کام کر کے گیم کو فیس بک پر لائیو کر دوں گا۔ امید ہے کہ یہ کام پندرہ مارچ تک ہو جائے گا۔
میں نے گیم ہوسٹ کرنے کے لئے ایک ویب ایڈریس اور ہوسٹنگ بھی خرید لی ہوئی ہے۔
دعا کیجئے گا۔۔۔

ہفتہ، 22 جنوری، 2011

ونڈوز بیسڈ لیپ ٹاپ کا ڈسپلے اپنی مرضی سے بند کرنا

ونڈوز بیسڈ لیپ ٹاپ کا ڈسپلے اپنی مرضی سے بند کرنا

نوٹ: میں نے ڈائونلوڈ ایبل ایگزی فائل کو فور شیئر کے بجائے اپنی ڈومین پر رکھوا دیا ہے، لہٰذا اب آپ صرف ایک کلک پر ڈائونلوڈ کر سکتے ہیں۔
دفتر میں میرا ڈیسک ایسی جگہ پر ہے کہ ہر آتے جاتے سب کی نظر میرے ڈسپلے پر پڑتی ہے، اوپر سے آج مینیجر صاحب کہتے ہیں کہ "تو کام بھی کرتا ہے، یا سارا وقت لیپ ٹاپ سے ہی کھیلتا رہتا ہے؟"۔ میں نے سوچا کہ مر گئے استاد۔ جب سے لیپ ٹاپ لیا ہے، مجھے الجھن ہوتی تھی کہ یار یہ بلا وجہ ہر وقت چمکتا رہتا ہے، لیکن شٹ ڈائون بھی نہیں کرناچا چاہتا تھا کہ گانے شانے اس پر چلتے رہیں، فیس بک ٹوٹر مسنجر وغیرہ کے ساتھ ساتھ۔ پھر سوچا اس مقصد کے لئے کوئی سافٹ ویئر بنا بنایا ڈھونڈوں،   تو جی کافی تلاشا مگر مجھے کوئی شریف نیک اور قابل اعتبار اپلیکشن ملی نہیں۔ پیشے کا پروگرامر ہوں اس لئے جب بنا بنایا مال نہیں مِلا تو میں نے اپنا پروگرام بنانے کی سوچی۔
اس تلاش کے نتیجے میں مجھے پتہ چلا کہ ڈسپلے آف کرنا توبالکل ہی بچوں کا کھیل ہے۔  بس پھر میں نے سادہ سا ایک پروگرام بنا چھوڑا ہے، ڈائون لوڈ فرمائیں اور دعائیں دیں۔

ہدایات
مانیٹر بند کرنے کے لئے: ڈائون لوڈ مکمل ہو جانے کے بعد جب بھی آپ ڈسپلے آف کرنا چاہیں، اس پروگرام کی فائل پر ڈبل کلک کر دیں۔ مانیٹر بند ہو جائے گا۔
مانیٹر کو واپس آن کرنے کے لئے: مائوس کو ہلانے یا کی بورڈ پر کوئی بھی بٹن دبا دینے سے مانیٹر دوبارہ آن ہو جائے گا۔

ان باتوں کا دھیان رہے
  • یہ پروگرام انٹرنیٹ یا نیٹ ورک پر کسی قسم کا ڈیٹا نا تو بھیجتا ہے، اور نہ ہی موصول کرتا ہے لہٰذا اگر آپ کے پاس موجود ورذن ایسی کوئی بھی حرکت کرے تو اسے فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔ انٹرنیٹ پر ڈائون لوڈ کے دوران ہیکرز کبھی کبھار فائلز کو تبدیل کر کے اپنی مرضی کے مطابق کام کروا لیتے ہیں۔
  • یہ پروگرام اپ کے کمپیوٹر پر نہ تو کوئی فائل لکھتا ہے اور نہ ہی پڑھتا ہے، اس لئے اگر ایسا کچھ بھی ہو تو سمجھے لیں پروگرام دو نمبر ہے یا اس بیچارے معصوم کو کوئی وائرس چمٹ گیا ہے۔
  • بالکل اسی طرح سے اس پروگرام کا ونڈوز رجسٹری کے ساتھ بھی کوئی تعلق نہیں ہے، اور اگرچلانے پر یہ کہے کہ جی میں نے رجسٹری سے سلام دعا کرنی ہے یا ونڈوز سیون والوں کو کہے کہ ایڈمنسٹریٹر موڈ میں چلنا ہے تو دو لگائیں اور بھگا دیں بھوتنی کے بچے کو۔
اور بھی آسانی
ہر مرتبہ کلک کرنا اکثر لوگوں کو گراں گزرے گا۔ خاص طور پر جن کے ڈیسک ٹاپس پر بے تحاشا گند بلا پڑا ہوتا ہے۔ تو جناب میں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ونڈوز سیون کی ایک صلاحیت کو استعمال کیا ہے۔ میں نے اس پروگرام کا نام کوئی نہیں رکھا، اسلئے فی الحال ہم اسکو شیدا کہہ لیتے ہیں۔ میں نے شیدے کو اپنے سسٹم کے ٹاسک بار پر پِن کر لیا ہے۔ جس بھی پروگرام کو ٹاسک بار پر پن کرنا ہو، اس پر رائٹ کلک کریں تو پن کرنے کا آپشن سامنے نظر آ جاتا ہے۔
ذیل میں دی گئی تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے ٹاسک بار پر موجود منی مائزڈ اور پن شدہ پروگرامز کو بائیں سے دائیں ایک تا آٹھ نمبر دیا ہوا ہے۔ اگر میں کی بورڈ پر ونڈوز بٹن دبائے رکھ کے ایک نمبر والا بٹن دبائوں گا تو سب سے بائیں موجود پروگرام اگر نہیں چل رہا تو چل جائے گا، اور اگر چلتے ہوئے کو منی مائز کیا ہے تو بڑا ہو کے سامنے آ جائے گا۔
ونڈوز کے ساتھ دو دبائوں گا تو میڈیا پلیئر کھل جائے گا، ونڈوز تین دبانے سے ایک فولڈر کھول کے منی مائز کیا ہوا ہے وہ بڑا ہو جائے گا۔، ونڈوز چار سے نوٹ پیڈ، ونڈوز پانچ سے برائوزر، چھے سے ایم ایس این مسنجر۔








تو جناب جو ایگزی فائل آپ نے ڈائون لوڈ کی ہے، اس پر دایاں کلک کریں اور پن ٹو ڈیسک ٹاپ کر دیں۔ اگر تو آپ نے اور کچھ بھی پن نہیں کیا یا کھولا نہیں ہوا تو سیدھا سیدھا ونڈوز بٹن کے ساتھ ایک دبانے سے آپکا ڈسپلے بند ہو جائے گا۔ ورنہ بائیں سے گنتی کریں، اور جس نمبر پر شیدا آ رہا ہے، وہ دبانے سے کام ہو جائے گا۔
یہ اصل تحریر کا سادہ عوامی خلاصہ ہے، کمپیوٹر سائنس کے طلباء و طالبات، پروفیشنلز، یا ایویں سائنسدان قسم کے لوگ ذیل میں درج اصل انگریز تحریر ملاحظہ فرمائیں۔ امید ہے دلچسپی سے خالی نہیں لگے گی۔


نوٹ
یہ تحریر صرف معلوماتی و تجرباتی مقاصد کے لئے ہے، اس میں درج معلومات یا فراہم کردہ ایگزی کو چلانے کے نتجنے میں ہونے والے کسی بھی نقصان کا ذمہ دار مصنف ہر گز نہیں ہو گا۔

Pak Urdu Installer

Pak Urdu Installer